پاکستان(کھوجی ٹی وی) اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے حوالے سے عدالت میں سخت ریمارکس دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس اختر کیانی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ہائی کورٹ کے جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیات انتخابات نہ کرانا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ یونین کونسلز کی تعداد می اضافہ ہونے کی وجہ سے انتخابات ملتوی کیے ہیں۔ اس دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے سوال کیا کہ کیا الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے میں دلچسپی نہیں رکھتا ؟ گزشتہ حکومت بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی تھی اور نہ ہی موجودہ حکومت یہ چاہتی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں خود حلف نامہ دیا تھا لیکن اس کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے یہ تو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ تین چیئرمین اور پچاس ممبرز الیکشن کے بغیر ہی منتخب ہوگئے ہیں۔ اس پر عدالت نے سوال پوچھا کہ جو الیکشن کے بغیر منتخب ہوئے ہیں ان کا سٹیٹس کیا ہے؟ دو سالوں سے یہ شہر بے یار و مددگار ہے۔ الیکشن کمیشن حکومت کی طرف نہیں دیکھتی، آپ نے ہر حال میں آزادانہ انتخابات کرانا ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک اںصاف کی جانب سے 31دسمبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔